بیجنگ (شِںہوا) چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین سے متعلق مایوس کن خیالات پھیلانے والا ملک خود کو نقصان پہنچائے گا اور چین کے بارے میں غلط اندازہ لگانے سے مواقع ضائع ہو جائیں گے۔وانگ یی نے قومی مقننہ کے جاری اجلاس کے موقع پر جمعرات کومنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ چین کی ترقی نہ صرف حجم میں معقول اضافہ کرے گی بلکہ معیار کو بھی مؤثر طریقے سے بہتر بنائے گی۔چینی معیشت نے 2023 میں گزشتہ برس کی نسبت 5.2 فیصد شرح سے ترقی کی جس کا عالمی اقتصادی ترقی میں حصہ ایک تہائی رہا۔وانگ نے کہا کہ چین ترقی کے انجن کے طور پر مضبوط ہے اور "اگلا چین” اب بھی چین ہے۔وانگ نے کہا کہ چین ایک ارب 40 کروڑ کی آبادی پر مبنی بڑی مارکیٹ کے ذریعے نئی طلب اور کاروباری تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہا ہے اور تیزی سے اپنی ترقی اور عالمی تعاون میں اپنے مقام کووسعت دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کھلے پن کو مزید وسعت دی جارہی ہے جبکہ اعلیٰ معیار اور ادارہ جاتی کھلے پن میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ترقی کے حصول میں دنیا کے بغیر نہیں چل سکتا اور دنیا کو ترقی کے لیے چین کی مزید ضرورت ہے۔