ممبئی( نیٹ نیوز )بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے نئے پراجیکٹ کی پہلی جھلک سامنے آگئی جس میں وہ چند منفرد کرداروں میں نظر آئیں گے۔سُپر اسٹار عامر خان اپنی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کے بعد اب اپنی نئی فلم ‘ستارے زمین پر’ میں نظر آئیں گے، یہ فلم اُن کی ماضی کی سُپر ہٹ فلم ‘تارے زمین پر’ کا سیکوئل ہوگا۔عامر خان کے مطابق فلم ‘ستارے زمین پر’ کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے اور اس فلم میں بھی اُن کے ساتھ ایک مرتبہ پھر فلم ‘تارے زمین پر’ کے چائلڈ اسٹار درشیل سفارے جلوہ گر ہوں گے۔اب درشیل سفارے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر عامر خان کی چند تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں اداکار کو منفرد کرداروں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ایک تصویر میں عامر خان جنگلی کے روپ میں نظر آئے، اُن کے ایک ہاتھ میں پتھر جبکہ دوسرے ہاتھ میں آگ لگی لکڑی ہے۔عامر خان کے دیگر کرداروں میں اُنہیں خلا میں اور ساتھ ہی چھوٹا طیارہ اُڑاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔درشیل سفارے نے تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے صرف اتنا بتایا کہ تین دن باقی ہیں، اس کے علاوہ اداکار نے تصاویر کے حوالے سے تفصیلات شیئر نہیں کیں۔