اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سید مبشر توقیر شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین ہی اس کا اثاثہ ہیں ۔ پی ٹی وی ایگزیکٹو ایسوسی ایشن کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈہونے والے ملازمین نے دوران ملازمت اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیں اس حوالے سے تقریب کا انعقاد خوش آئند ہےایسی تقریبات سے بہترین خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اسی نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رہنا چاہیے تاکہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی عزت افزائی کی جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ پرسانل فرحت عباس جنجوعہ نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ریٹائرڈ ہونے والے افسران نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس فورم کو ملازمین کی بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔تقریب کے آخر میں ایم ڈی پی ٹی وی نے ریٹائرڈ ہونے والے افسران میں شیلڈز تقسیم کیں ۔