اسلام آباد( بیورو رپورٹ) چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے موصول ہونے والے تہنیتی پیغام میں چیئرمین ژاؤ لیجی نے اپنی اور اسٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس کے ممبران کی جانب سے اسپیکر سردار ایاز صادق کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔چیئرمین ژاؤ لیجی نے اپنے تہنیتی خط میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک-چین بے مثال دوستی دونوں دوست ممالک کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے پائے جانے والے محبت و احترام کے رشتے کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے اور دونوں دوست ممالک ایک دوسرے کے ہر دکھ درد میں برابر کے شریک اور ہر مشکل کے ساتھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک ۔چین دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک کی لازوال دوستی بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال سے مُبَرَّا ہے ۔ چیئرمین ژاؤ لیجی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے بنیادی مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں دوست ممالک اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے مابین تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں دوست ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک میں پائے جانے والے سدا بہار تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کو دہرایا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے این پی سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور نیشنل پیپلز کانگریس اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے مابین روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔