کراچی (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں گالی گلوچ کا کلچرل نہیں تھا جب سے پی ٹی آئی کو چابی لگی ملک میں گالیوں کا کلچرل عام ہوگیا ۔ جس نے جتنی بڑی گالی دی اس کو اتنی بڑی وزارت سے نوازا گیا اور تمغے دیئے گئے ، جب مخالف جماعتوں سے ان کے خلاف کوئی بات کرتا تو ان کو جیلوں میں ڈالا گیا اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بد تمیزی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے، اپنے سیاسی مخالفین کی پگھڑیاں اچھالتے ہیں۔ اب تو قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر گھناؤنی سازشیں شروع کردیں ہیں ۔ ملک کے اہم اداروں اور ان کے سربراہان کو نشانہ پر رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قول و فعل میں ہمیشہ سے تضاد ہے جوکہ عوام نے دیکھ لیا ۔ لندن کے میئر کے انتخاب میں یہاں سے پی ٹی آئی کے سربراہ لنڈن گئے اور ایک مسلمان اور پاکستانی نژاد صادق خان کے مقابلے میں ایک اسرائیلی کی انتخابی مہم چلائی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کیا اور امریکہ مخالف جذبات کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہوئی ، جن اتحادیوں کو انہوں نے ڈرا دھماکر اپنے سات رکھا ہوا تھا وہ ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے ۔ یہ ایک بار کلمہ پڑھ کر کے بتا دیں کیا یہ سازش کے تحت نکلے ہیں یا نا اہلی کی وجہ سے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت ملک کے لیے نقصان کا باعث بنی۔ماضی میں کچھ غلطیوں کا خمیزہ ملک آج تک بھگت رہا ہے۔ایک وزیر نے کہا کہ پائلٹوں کے لائسنس جعلی ہے ۔آج تک کچھ اسٹیشن پر ہماری پروازوں پر پابندی ہے ۔پائلٹ کے لائسنس جعلی نہیں تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک رکھا ۔ہم سب ایک ملک میں رہتے ہیں، کہیں پر آپ کے ووٹرز ہیں
کہیں پر آپ کے ووٹرز نہیں ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیب قوانین میں پہلا این آر او پی ٹی آئی نے خود کو دیا۔ یہ اپنی مرضی کے مطابق نیب ترامیم لیکر آئے ۔پشاور بی آر ٹی میں 7 ارب کی کرپشن ہوئی۔ سی ایم انسپکشن ٹیم کے پی کے کی رپورٹ میں خوردبرد کی نشاندہی کی گئی ۔ یہ رپورٹ کسی پنجاب یا سندھ حکومت نے نہیں ، خیبرپختونخوا کی وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم نے بنائی تھی ۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے سپریم کورٹ سے اسٹے آرڈر لیا ہے ۔
فارن فنڈنگ کے اکاؤنٹ میں اسرائیل اور بھارت سے پیسے لیے۔ لیکن میں پھر بھی ان کو غدار یا ایجنٹ نہیں کہوں گا ۔
نریندر مودی سب سے بڑا تعصبی آدمی ہے، پی ٹی آئی سربراہ نے ان کی جیت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جہاں پر امیدوار نہیں ملے کہتے ہیں دھاندلی ہوئی ۔ بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بجٹ پر تنقید اصلاح کے لیے کرنی چاہئے لیکن کسی دوست نے اصلاح کی بات نہیں ۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی اچھی تجاویز پر حکومت ضرور عمل کرتی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے ۔
صحافیوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ۔ہماری جماعت نے ہمیشہ صحافیوں فلاح و بہبود کیلئے اسکیموں پر کام کیا ہے انہوں نے کہا کہ صحافیوں لائف انشورنس کی سہولت دینے جارہے ہیں
رجسٹرڈ صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ اور انشورنس دی جائیگی
۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہو کہ آج پیپلزبس سروس کا آغاز ہوا ہے ۔پیپلز بس سات روٹس پر چلے گی۔ پہلے روٹس پر بس کا آغاز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے آغاز پر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کریڈٹ دونگا ۔انہوں نے کہاکہ دیگر بس سروس بھی جلد شروع ہونگی ۔پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ایسی بس سروس لانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بسیں جو باہر سے لارہے ہیں اس کیلئے پلانٹ کراچی میں لگائے جائیں تاکہ بسیں کم قیمت پر مل سکے۔ سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ کے سی آر کو سی پیک پروجیکٹس میں شامل کیا جائے ۔حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں ۔ کراچی اور لاڑکانہ کے بعد حیدر آباد کے لیے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے بی آر ٹی لا رہے ہیں