اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دوسری مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا۔ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں صدرِ مملکت عارف علوی نے نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔تقریبِ حلف برداری سے قبل قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔تقریبِ حلف برداری میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آصف زرداری، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔تقریبِ حلف برداری میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی شرکت کی۔وزیرِ اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم، استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی وزیرِ اعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔
حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف وزیرِ اعظم ہاؤس میں تشریف لے آئے جہاں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد ہوئی۔واضح ہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار محمد شہباز شریف 201 ووٹ لے کر قائدِ ایوان منتخب ہو گئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کیے، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ جے یو آئی ف کے ارکان نے بائیکاٹ کرتے ہوئے رائے شماری میں شرکت نہیں کی۔شہباز شریف ملک کے 24 ویں وزیرِ اعظم اور 16 ویں قائدِ ایوان منتخب ہوئے ہیں۔دریں اثنا چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ، پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے شہباز شریف کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ترک صدر رجب طیب اردوان پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں جنہوں نے پاکستان کے نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا ٹیلی فون کیا۔