اسلام آباد( بیورو رپورٹ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کے روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید مصطفیٰ شاہ اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سید مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ اسمبلی کے ممبران کے ان کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبہ سندھ گزشتہ ادوار کی طرح مستقبل میں بھی ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔سپیکر ایاز صادق نے سید مراد علی شاہ کی بطور وزیر اعلیٰ سندھ کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپیکر سردار ایاز صادق کو تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا سپیکر کے عہدے پر تیسری بار بھاری اکثریت سے منتخب ہونا اتحادی جماعتوں کے قائدین اور ممبران اسمبلی کا آپ کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کی عکاسی ہے۔ آپ نے بطورِ اسپیکر جس خوش اسلوبی سے گزشتہ دور میں ایوان کی کارروائی کو چلایا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سردار ایاز صادق ماضی کی شاندار کارکردگی کو جاری رکھیں گے اور ایوان کو تحمل اور بردباری سے چلائیں گے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپیکر سردار ایاز صادق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلی سندھ نے ڈپٹی اسپیکر سید مصطفیٰ شاہ کو بھی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔