کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان رینجرز(سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ڈکیت گروہ ملزمان گلزار علی ا ور مشتاق احمد پر مشتمل ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے سرجانی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں دکیتی کی متعدد وارداتوں میں راہ چلتے شہریوں اور مختلف دکانوں سے اسلحہ کے زور پر نقدی اور موبائل فونز چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کا دو رکنی گروہ پیشہ ور ڈکیتوں پر مشتمل ہے جن کا سرغنہ گلزار علی ہے۔ ملزمان کے خلاف پولیس تھانوں میں پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر رینجرز اور پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں اسپیشل اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دوران چیکنگ ملزمان کے قبضہ سے چھینے ہوئے موبائل فونز، موٹر سائیکل اور ایک عدد غیر قانونی اسلحہ 30 بور بمعہ 3 عدد راؤند برآمد ہوئے۔گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ،ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔