کراچی(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے تین مسافر کو جعلی پاسپورٹس پر سفر کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر اہم کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے تین مسافروں کو گرفتار کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان ایمرجنسی اور نان اسٹینڈرڈ پاسپورٹس پر سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے، ملزمان میں محمد صدیق، ابوبکر اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ملزم محمد صدیق اور ابوبکر کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایمرجنسی پاسپورٹس جعلی نکلے جبکہ ملزم عبدالرحمان کی پاسپورٹ پر جعلی تجدید اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔ملزمان فلائٹ نمبر SV700 سے پاکستان پہنچے تھے۔ ان کو شہریت کے حوالے جانچ پڑتال اور مزید قانونی کاروائی کیلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کیا گیا۔