کراچی(نمائندہ خصوصی) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے فلسطین میں جنگ سے متاثرہ شہریوں اور معصوم بچوں کے لیے مدد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے امدادی سامان کی تیسری کھیپ کراچی سے بذریعہ بحری جہاز روانہ کردی۔ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی و چیئر مین مولانا بشیر فاروق قادری کے مطابق غزہ کے بے گناہ اور نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم نے درد دل رکھنے والے تمام عالم انسانیت کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ پاکستان سے ہم یہی کرسکتے ہیں کہ مظلوم متاثرین جنگ کے لیے خیمے۔خوراک۔ کمبل ۔گرم کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء کا انتظام اس وقت تک کرتے رہیں جب تک فلسطین پر یکطرفہ طور پر مسلط جنگ بندی نہیں ہو جاتی اور متاثرین اپنے اپنے گھروں یا محفوظ مقامات تک منتقل نہیں ہوجاتے۔ امدادی سامان روانہ کرتے ہوئے مولانا بشیر فاروق قادری نے مزید کہا کہ سیلانی فلسطین کے معصوم بھائیوں اور بہنوں کو انتہائی ضروری ریلیف فراہم کرنے کے لیے آگے بڑھا ہے۔ تقریباً دو کنٹینرز، جن میں رکھے گئے سامان کی لاگت تقریباً 6 کروڑ روپے ہے مصر کے راستے چائنا پورٹ، کراچی سے روانہ کیا گیا ہے۔انہوں نے عوام اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ اس مشکل گھڑی میں وہ غزہ کے مسلمانوں کو تنہا نہ چھوڑیں اور سیلانی کے زریعے امداد بھیجنے کے عمل میں تعاون کریں۔ ان شاءاللہ امداد دینے والوں کی امانت پوری دیانتداری سے متاثرین جنگ تک پہنچ جائے گی۔