کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں سیاسی کارکنوں میں جھڑپوں سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 4 ڈویژنز کے 14 اضلاع میں پولنگ کے دوران کئی مقامات پر سیاسی کارکنوں کے درمیان جھگڑوں کے واقعات رونما ہوئے۔
کندھ کوٹ کے وارڈ نمبر 10 میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کارکنان میں تصادم کے دوران دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسادیے، جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔پنوعاقل کے فرید مہر پولنگ اسٹیشن پر بھی پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کارکنان میں جھگڑا ہوگیا۔جس کے نتیجے میں جنرل کونسلر کے لئے جے یو آئی کے امیدوار غلام مصطفی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔مورو کے پولنگ اسٹیشن منگھو خان ڈھر میں جی ڈی اے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔
تھر پارکر کی یوسی تڑھمیر کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ کے دوران ارباب گروپ اور پیپلز پارٹی کے کارکن لڑ پڑے۔ دونوں طرف سے لاٹھیوں اورمکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔میر پور ماتھیلو کی یونین کونسل ڈانگرو میں پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔ ہاتھاہائی اور فائرنگ سے 13 افراد زخمی ہوگئے جب کہ مشتعل افراد نے جی ڈی اے امیدوار کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔