کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ میں مئی کو پہلے مرحلے کے 14ضلاع میں ہونے والے انتخابی عمل کے دوران ہنگامہ آرائی ،فائرنگ کے واقعات بھی رپورٹ کیئے گئے،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صوبے بھر میں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی اور خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، پولنگ میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات، انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو ملاقات کی دعوت دے دی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سندھ بلدیاتی انتخابات، انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں ںے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ایم کیو ایم پاکستان سے فوری طور پر رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔