اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) ایئر چیف مارشل (ریٹائرڈ) حکیم اللہ طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں بروز جمعہ، پاکستان ایئر فورس ہسپتال اسلام آباد میں خالق حقیقی سے جاملے۔ سابق ائیر چیف کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ چارسدہ میں واقع ان کے آبائی گاؤں شیخ کلی میں سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی۔ بعداز تدفین، مرحوم کی قبر پر صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف، سربراہ پاک فضائیہ اور دیگر معززین کی جانب سے بھجوائی گئی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ائیر چیف مارشل (ریٹائرڈ) حکیم اللہ 15 اکتوبر 1935 کو خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اس وقت کے رائل پی اے ایف کالج رسالپور میں اپنی تربیت کی کامیاب تکمیل پر 11 جنوری 1957 کو پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ ایک فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مقاصد کو ناکام بنانے میں غیر معمولی مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ 1965 اور 1971 کی جنگ کے دوران انہوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، اور دشمن کے جی ناٹ پائلٹ کو پاکستانی علاقے میں اترنے پر مجبور کیا۔ آپ نے اپنی ہمت اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف دیگر کامیاب مشنز کی بھی قیادت کی۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے پاک فضائیہ کے ایک فائٹر سکواڈرن، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی۔ بطور ایئر آفیسر انہیں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف (فلائٹ سیفٹی)، ائیر ڈیفنس کمانڈ میں بطور سینئر ایئر اسٹاف افیسر اور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز)، بھی تعینات کیا گیا۔ مزید براں، آپ ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ایڈمنسٹریشن) کے طور پر تعینات رہے جس کے بعد مارچ 1988 میں انہوں نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی اور 09 مارچ 1991 کو اس عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ ان کی بے مثال بہادری اور جرآت کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرات اور تمغہ بسالت جیسے جنگی اعزازات سے نوازا گیا۔ آپ نے اپنی گراں قدر خدمات کی بدولت نشان امتیاز (ملٹری) اور ہلال امتیاز (ملٹری) کے اعزازات بھی حاصل کیئے۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ائیر چیف مارشل (ریٹائرڈ) حکیم اللہ کی پاک فضائیہ کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیئے دعا کی اور سوگوار خاندان کی جانب سے اس ناقابل تلافی نقصان کو ہمت اور استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی امید کا اظہار کیا۔