نوشہرو فیروز( بیورو رپورٹ )گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سینئر رہنما صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ سندھ سے پیپلز پارٹی کے قبضے کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔نوشہرو فیروز میں جی ڈی اے کے دھرنے سے خطاب میں صدر الدین راشدی نے کہا کہ ٹھٹھہ جلسے میں بلاول بھٹو زرداری نے اپنے منشور پر بات کرنے کے بجائے پیرپگارا پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر سپریم کورٹ سے تحقیقات کی اپیل کی اور کہا کہ ہم اپنے ووٹ کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ سپریم کورٹ لوگوں سے پوچھے، ووٹ کس کا چلا اور نوٹ کس کا چلا۔صدر الدین راشدی نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں لوگوں سے پوچھیں، فارم 45 کی شروع سے آخر تک تحقیقات کریں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک چوری شدہ مینڈیٹ واپس نہیں لیتے احتجاج کا حق رکھتے ہیں، نیب ان سے 15 سال کا حساب لے۔جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ ہم آپ کے لیے پاکستان میں امن چاہتے ہیں، نیب حساب لے تو آدھے سے زیادہ لوگ پارلیمنٹ جانے سے پہلے سرکاری مہمان بن جائیں گے۔صدر الدین راشدی نے کہا کہ سندھ سے پیپلز پارٹی کا قبضہ ختم ہونے کا وقت آگیا ہے، ہم 23 فروری کو کراچی میں جلسہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنی بچیوں کو ضرور پڑھائیں، مستقبل بہتر بنائیں، ہم اور آپ ایک مٹھی کی طرح ہیں، نہ غریب کے پاس روٹی بچی، نہ کپڑا اور نہ ہی مکان بچا۔