اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت نے وفاق میں حکومت سازی اور پاور شیئرنگ کا فارمولہ بتادیا۔اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔نیوز کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سازی کےلیے ہمارے نمبر پورے ہوچکے ہیں، شہباز شریف ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2024ء کے بعد ن لیگ اور پی پی حکومت بنانے جارہے ہیں، ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہیں۔پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزرات عظمیٰ کےلیے شہباز شریف اور صدر مملکت کےلیے آصف علی زرداری ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد امیدوار اپنی اکثریت دکھائیں دل سے قبول کریں گے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے لیے نمبرز پورے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے، طے پایا ہے کہ آصف علی زرداری کو اگلے 5 برس کےلیے صدر مملکت بنایا جائے گا۔وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحاد کیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے نمبر پورے نہیں ہیں۔صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ باریاں لینے کی بات نہیں، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم اور آئی پی پی ہمارے اتحادی ہیں، ہمارے اس اتحاد میں بزرگ بھی ہیں اور جوان بھی، دونوں مل جائیں تو بڑی طاقت بنتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سب دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، یقین دلاتے ہیں آنے والی نسلوں کے لیے مل کر کام کریں گے۔