باغ(اسپورٹس ڈیسک )
آزاد جموں و کشمیر کے قدرتی حسن سے مالا مال علاقے گنگا چوٹی پر پاک فوج، محکمہ سیاحت، اسپورٹس اور سول انتظامیہ کے تعاون سے ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا آغاز 13 فروری کو ہوا جبکہ آج اس کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی ۔10 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع گنگا چوٹی پر سرمائی کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے رنگارنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں سکینگ، آئس ہاکی، رسہ کشی اور مارشل آرٹس کے علاوہ مقامی کھیلوں کے مقابلہ جات بھی کروائے گئے جس میں مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے۔کھیلوں کے مقابلہ جات کے اختتام پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزراء حکومت کے علاوہ سرکاری ونجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شمولیت کی۔ اس شاندار تقریب میں جی او سی چنار ڈویژن نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے ٹیلنٹ کو بھرپور پزیرائی ملی اور شرکاء نے کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی۔ اختتامی تقریب میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔برف پوش پہاڑوں پر ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی گنگا چوٹی پہنچ گئی۔شرکا کی جانب سے ونٹر اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کو بھرپور سراہا گیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے مقابلہ جات جاری رکھنے پر زور دیا