لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب میں پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار سے متعلق پارلیمانی پارٹی نے سرجوڑ لیے۔ سابق گورنر پنجاب اور صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے زیر صدارت پی پی پی کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نو منتخب 10 ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے آزاد ارکان سے رابطے، دو ارکان کی جلد شمولیت متوقع ہے، پارلیمانی پارٹی نے سفارشات بلاول بھٹو کو بھجوا دیں، حیدر گیلانی کو پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں نومنتخب ارکان علی حیدر گیلانی، قاضی احمد سعید، اقبال سراج، کامران عبداللہ، مزمل رئیس، نبیل احمد، میاں عامر علی شاہ، شازیہ عابد، واصف مظہر راں اور سردار حبیب خان گوپانگ نے شرکت کی۔ مخدوم سید احمد محمود نے تمام ارکان پنجاب اسمبلی کو کامیابی پرمبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی عوام کی خدمت کے لیے بھرپور طریقے سے کام کریں، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے مختلف سیاسی اور انتظامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نو منتخب ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں شریک نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔