اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان کی چھ بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ مل کر ملک میں حکومت بنائیں گے۔اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر منگل کو ہونے والے اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سمیت ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، صادق سنجرانی اور علیم خان نے مشترکہ پریش کانفرنس کی ہے۔اس مشترکہ پریس کانفرنس کا آغاز سابق صدر آصف زرداری نے یہ کہتے ہوئے کیا کہ ’ہم میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم مل کر حکومت بنائیں گے۔‘آصف زرداری نے کہا کہ ’مصالحت کا عمل جاری رہے گا جس میں پاکستان تحریک انصاف کو بھی شامل ہونا چاہیے۔‘ان کے بعد وہاں موجود تمام رہنماؤں نے باری باری پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا جس پر شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ نواز شریف سے درخواست کریں گے کہ وہ ہی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں۔تاہم انہوں نے یہ اعلان ضرور کیا ہے کہ ’مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہیں جو ہمارا متفقہ فیصلہ ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دھرنا اور لانگ مارچز والوں کو پیغام دیتا ہوں کہ یہ دھرنوں اور لانگ مارچز کا نہیں بلکہ غربت ختم کرنے کا وقت ہے۔‘اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’پاکستان سے زیادہ کوئی ترجیح نہیں ہے۔ شہباز شریف کا پہلے بھی ساتھ دیا اور اب بھی ساتھ دیں گے۔‘