کراچی ( بیورورپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں اپنے مخالفین کو تاریخی اور عبرتناک شکست دی ہے ۔ اپنے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین نے پی پی پی کے خلاف جتنے بھی اتحاد بنائے یہ تمام اتحاد پاش پاش ہو گئے ۔ خصوصی طور پر لاڑکانہ میں پی پی نے چاروں میں سے چاروں ٹاؤنز اور ڈسٹرکٹ کونسل میں تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ لاڑکانہ کی عوام نے بھٹو دشمن تمام قوتوں کا بوریہ بستر گول کردیا ۔ لاڑکانہ میں تاریخی فتح کے بعد میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل کا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوگا ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے ہر ضلع میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بہت بڑی اکثریت کے ساتھ فتح حاصل کی ہے ۔ سندھ کی عوام نے پی ٹی آئی ، جی ڈی اے اور دیگر پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کا سندھ سے صفایا کردیا ۔