کراچی ( بیورو رپورٹ)کراچی کے حلقہ این اے 242 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کی پولنگ اسٹیشن میں زبردستی داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق این اے 242 کے پولنگ اسٹیشن ایم ایچ بلدیہ گرلز کالج میں پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے توڑپھوڑ کی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے قادر مندوخیل کچھ افراد کے ساتھ زبردستی پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے، پی پی امیدوارقادر خان مندوخیل نے پولنگ بکس کو لات مار کر گرایا۔ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ توڑ پھوڑ کے بعد پولنگ اسٹیشن میں ووٹ زمین پر بکھرے ہوئے ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشن پر حملے کا نوٹس لے لیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ پیپلزپارٹی امیدوار قادر مندوخیل نے پولنگ اسٹیشن پر حملہ کیا تھا، متعلقہ ریٹرننگ افسر فوری کارروائی کریں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قادر مندوخیل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی