اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )عام انتخابات 2024 کی کوریج کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کیلئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد صحافیوں کو ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی اور انتخابی عمل کے دوران قابل اعتماد معلومات اور لاجسٹک سپورٹ تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے بدھ کو پی آئی ڈی میں سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد ، پریس انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود اور وزارت اطلاعات کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر میں صحافیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، انتخابات کے دوران معلومات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں صحافیوں کے لئے تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ ملک بھر میں موجود پی آئی ڈی کے دفاتر میں میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کو عام انتخابات کی کوریج کیلئے 4763 ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے جا چکے ہیں، اسلام آباد میں 1219، لاہور میں 776، کراچی میں 878، پشاور میں 363، کوئٹہ میں 167، حیدر آباد میں 132 ، فیصل آباد میں 482 اور ملتان میں 746 ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔ میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر میں صحافیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مہیاکی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز میں 24 گھنٹے عملہ اپنی خدمات انجام دے گا، ہیڈ کوارٹرز میں قائم میڈیا سنٹر پی آئی ڈی کے دیگر علاقائی دفاتر سے بھی منسلک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سینٹرز میں تربیت یافتہ معاون عملہ 24 گھنٹے موجود ہوگا جبکہ میڈیا سینٹرز میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، ٹیلیفون، ایل ایل ڈیز، ایس ایم ڈیز اور میگا سکرینز کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر پشاور، لاہور، کراچی،کوئٹہ کے ڈی جی پی آرز نے بھی اپنے اپنے ریجنز میں قائم کئے گئے فیسلی ٹیشن سینٹرز کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا