اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف نے بلے کا نشان واپس لینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر دی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست سینئر وکلاءحامد خان اور بیرسٹر علی ظفر نے دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت ہائیکورٹ میں شکایت کنندگان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق کروائے گئے، الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں رکھتا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لینا ووٹرز کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سیاسی جماعت بنانے اور انتخابات میں حصہ لینے کا حق آئین پاکستان میں ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان واپس لے کر اختیارات سے تجاوز کیا، الیکشن کمیشن کا انتخابی نشان واپس لینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ بحال کرے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے انٹرا پارٹی انتخابات کے 13 جنوری کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی ہے۔