کراچی (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراطلاعات سندھ احمد شاہ نے کہا ہےکہ انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کوگرفتار کرکے مقدمات درج کریں گے۔سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احمد شاہ نے کہا کہ کل لاڑکانہ میں ڈی سیز اور محکموں کے عہدیدار سے ملاقات کی، انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہے، اسلحہ کی نمائش پرگرفتار کریں گے اور ایف آئی آر بھی کاٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ کچے کے آس پاس کے علاقوں میں عارضی پولنگ اسٹیشنز بنائے جا رہے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں بیلٹ پیپرز پہنچ چکے ہیں، کراچی میں بھی انتخابی سامان کل سے تقسیم ہونا شروع ہو جائے گا، آج ایپکس کمیٹی میں اعلیٰ قیادت سمیت تمام ایجنسیز کے نمائندگان موجود تھے، انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کل سے الیکشن سیل فعال کردے گا، پورے سندھ کی خبریں الیکشن سیل سے ملیں گی۔