اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابات میں اہلیت الیکشن سے دو دن قبل چیلنج کردی گئی۔شاہ محمد زمان نے نامی شہری نے بلاول بھٹو کےخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکردی۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹوپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں جس کا انتخابی نشان تلوار ہے۔درخواست کے متن کے مطابق بلاول بھٹو انتخابات میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے ٹکٹ اور تیرکے نشان پرحصہ لے رہے ہیں۔موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت کوئی شخص بیک وقت دوجماعتوں کا ممبر نہیں رہ سکتا، سندھ ہائیکورٹ نے قانون کا درست جائزہ نہیں لیا۔اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیکر بلاول بھٹو کو تیر کے نشان پرالیکشن لڑنے سے روکا جائے۔خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔