لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ پولنگ سٹاف کو انتخابی سامان مل جائے گا، پولنگ سامان کی ترسیل کے انتظامات مکمل ہیں، پولیس ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کیلئے ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں۔ ہم نے پنجاب کے ہر ضلع اور ڈویژن میں کنٹرول روم بنایا ہے، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں بھی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، پنجاب میں 51 ہزار پولنگ سٹیشنز ہیں، پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو میری جانب سے ہدایات مل گئی ہیں۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز سے درخواست ہے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ایس او پیز کی پاسداری کریں، ووٹرز کو پولنگ سٹیشن پر اچھا ماحول فراہم کیا جائے گا، پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کا خاص انتظام کیا گیا ہے، پنجاب میں پاکستان آرمی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری پنجاب حکومت کو بھی واضح ہدایات ہیں، ڈپٹی کمشنرز اپنے فرائض الیکشن کمیشن کی ہدایات پر انجام دیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے گی، تمام وفاقی ادارے آرٹیکل 220 کے تحت الیکشن کمیشن کے تابع ہیں۔