لاہور(رپورٹ: قیصر چوہان ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منتخب ہو گئے۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ قائم مقام چیئرمین پی سی بی اور الیکشن کمشنر شاہ خاور محسن نقوی کے چیئرمین منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں پیٹرن کے دو نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل تھے، ان کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر ، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور ، سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ تھے۔ محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا تھا جو اس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی تین سال کے لیے ہوتی ہے اور ذرائع کے مطابق نو منتخب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب ہونے کے بعد محسن نقوی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے این سی اے میں ہونے والے تعمیراتی کام کو روکنے کے احکامات دے دیے۔نئے چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں سابق کپتان بابراعظم بھی شامل ہیں، جو این سی اے میں پریکٹس کے لیے موجود تھے۔محسن نقوی نے اس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تعمیراتی کام کام جائزہ لیا اور اُس کو فوری طور پر روکنے کے احکامات صادر کیے۔نئے چیئرمین پی سی بی کے مطابق تعمیراتی کام کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔دریں اثنادورے کے دوران نو منتخب چیئرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے پلیئرز روم کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا بھی حکم دیا۔