کراچی( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے سمندری امور سنیٹرفیصل سبزواری نے کہاہے کہ پاکستان کے بحری جہازوں کی خدمات، محنت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔سینیٹر سید فیصل علی سبزواری نے سمندری ملاحوں اور کارکنوں کے دن کے موقع پر پیغام میں سمندری ملاحوں اور کارکنوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اس موقع پرفیصل سبزواری نے عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستان اور دنیا بھر کے سمندری ملاحوں اور کارکنوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ جہاز رانی مختلف اشیا اور سازو سامان کی طویل فاصلے تک موثر نقل و حمل سستے داموں کرنے کے باعث عالمی معیشت میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔فیصل سبزواری نے کہا کہ بحری جہازوں کے ہنر مند کارکن اور سمندری ملاحوں کی بحری جہازوں میں اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جو عالمی معیشت کو چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بحری جہازوں کی خدمات، محنت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے، بحری جہاز اور ملاح ملک کو خوراک، ایندھن، خام مال اور تیار شدہ سامان سمیت ضروری اور بنیادی چیزیں فراہم کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عالمی وبا کے دوران ان کی غیر معمولی شراکت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، 2011 سے یہ دن پوری عالمی برادری میں سمندری جہازوں کے تعاون کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔فیصل سبزواری نے کہا کہ اس سال یہ دن بندرگاہ سے سمندری طویل سفر اور بحری سفر کے مرکزی عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔