اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آخری سانس اور خون کے آخری قطرہ تک جدوجہد کریں گے۔ 76برسوں سے کشمیری مائیں، بہنیں، بیٹیاں آزادی کا علم لیے میدان میں کھڑی ہیں، وادی لہو لہان، نوجوان، حریت رہنما جیلوں میں اذیتیں برداشت کررہے ہیں۔ ایک طرف کشمیری تختہ دار پر بھی پاکستان سے محبت کا اعلان کرتے ہیں اور دوسری طرف پاکستان کے حکمران بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چاہتے ہیں، راجیو گاندھی، واجپائی سے لے کر مودی تک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔قوم کشمیر کا سودا کرنے والوں کا حساب لے،عوام فلسطینیوں کا نام تک نہ لینے والوں کو 8فروری کو مسترد کریں۔وعدہ کرتا ہوں مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے پوری جرات سے جدوجہد کریں گے، قوم جماعت اسلامی کو کامیاب کرائے، لائن آف کنٹرول کا مستقبل دیوار برلن کی طرح ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مال روڑ پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دیگر مقررین اور سٹیج پر موجود قیادت میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر لاہور ضیا الدین انصاری، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف شامل تھے۔ مارچ میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سراج الحق نے کہا کہ اہل فلسطین اور کشمیر پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، مگر پاکستانی حکمران سوئے ہوئے ہیں، انھوں نے امریکا کے خوف سے غزہ پر ظلم پر لفظ تک نہیں کہا۔ انھوں نے کہا کہ مودی نے بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے اور آزاد کشمیر پر بھی قبضے کا اعلان کیا تھا، انھوں نے ایک ناپاک منصوبہ مکمل کر لیا، اب دوسرے کی تکمیل چاہتے ہیں، مگر ہمارے حکمران بے حسی کی چادر تان کر سوئے ہوئے ہیں، یہ بزدل ہیں، انھوں نے پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دی، صرف جماعت اسلامی اس کی پھانسی کا مطالبہ کر رہی تھی، انھوں نے قوم کی بیٹی عافیہ کو امریکیوں کے حوالے کیا۔ کشمیر کو بچانا اور ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانا ہے تو قوم ملک پر سالہاسال مسلط رہنے والے اور مزید باریوں کے طلب گاروں کو ووٹ کی طاقت سے آؤٹ کرے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر حکمران جماعتوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا، انھوں نے مل کر خزانہ لوٹا، ان کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے، یہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے رہے، آئی ایم ایف کی شرائط کو قبول کر کے غیور پاکستانیوں پر قرضوں کا بوجھ لادا، ان پر مہنگائی مسلط کی، گیس اور بجلی کے نرخ بڑھا کر لوگوں کے لیے جینا مشکل بنا دیا، انھوں نے کرپشن کا بازار گرم کیا، عوام بھوکے سوتے ہیں اور ان کے کارخانوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک بچانا ہے تو خاندانوں پر مشتمل پارٹیوں کو گھر بھیجنا ہو گا، عوام کے پاس بہترین موقع ہے کہ الیکشن میں دو دن باقی ہیں، ترازو پر مہر لگائیں، ہم آپ کو کلین، گرین، کرپشن فری پاکستان دیں گے، اہل کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے ہر فورم پر پوری بہادری سے جدوجہد کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62,63 اور اسلامی دفعات کے خلاف سازشیں کرنے والے سن لیں کہ ان کے منصوبے کبھی تکمیل کو نہیں پہنچیں گے، پاکستان اسلام کے نام پر بنا، جماعت اسلامی کامیاب ہو کر یہاں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔سابقہ حکمرانوں نے وسائل سے مالامال ملک کو تماشا بنا کر رکھ دیا۔ لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں بننے والے پاکستان کو استعمار کا اکھاڑا بنا دیا گیا، کامیاب ہو کر پاکستان کو امریکا کے وفاداروں اور ایجنٹوں سے نجات دلائیں گے۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک پر 80ہزار کے قرضے ہیں، لاکھوں نوجوان مایوس ہو کر نشے کے عادی بن گئے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ملک معاشی، سیاسی، آئینی بحرانوں اور زہریلی پولرزائزیشن کا شکار ہے، حکمران اشرافیہ جلسوں میں نعرے لگاتی ہے کہ یہ سب مسائل اشرافیہ کی وجہ سے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ اقتدار میں آ کر اشرافیہ کو ختم کریں گے، کیا یہ اپنے آپ کو ختم کریں گے، جماعت اسلامی کرپٹ اشرافیہ کا کڑا احتساب کرے گی، ہم قوم میں پولرائزیشن کا خاتمہ کریں گے، انھیں متحد کریں گے اور پاکستان کو امن و استحکام دیں گے۔