کراچی( نمائندہ خصوصی) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری محکمہ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب برادر مسلم ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے تاجروں کے پاس ان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے بہت سے مواقع ہیں اور امید ہے کہ B2B کے اجلاس پاکستانی کاروباری حضرات کو اپنی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گے اور وہ اپنی سروسز کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے کاروباری مواقع تلاش کریں۔
یہ بات انہوں نے آج سعودی عرب کے اعلی تجارتی وفد سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سعودی وفد کی قیادت فہد بن محمد البش، چیئرمین، سعودی-پاک مشترکہ بزنس کونسل (CSC) نے کی۔ سید قاسم نوید قمر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘اس طرح کی ملاقاتیں بھی عالمی برادری میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت پر پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ اوپن ہاو س انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد ہوا۔ اس موقع پر یادداشتوں اور یادگاروں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔