اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیراعظم کی معاونِ خصوصی مشعال حسین ملک نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ریاستی دہشت گردی میں مسلسل ملوث ہونے پر بین الاقوامی تنظیموں سے بھارت پر معاشی اور دفاعی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات ِ حاضرہ کے چینل کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ اب امریکہ اور کینیڈا جیسے طاقتور ممالک نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ بھارت معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مودی حکومت کی پالیسی کے تحت ہندوتوا اور آر ایس ایس کے حامیوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کئے جا رہے ہیں جو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔