(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد:بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہے اورموثر جواب دینے کیلئے بھی ہمیشہ تیار ہے اور پاکستان کی سالمیت کے خلاف کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیاجائیگا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف نے عظیم قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے ساریان سیکٹر میںکنٹرول لائن کے ساتھ اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی وعسکری قیادت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے سامنے کشمیریوں کا استقامت اور غیر متزلزل ایمان مثالی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور سلامتی کے بحران سے علاقائی امن اور استحکام کو شدید خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کو اپنے جائز ہدف سے نہیں ہٹا سکتیں۔آرمی چیف کو ایل او سی کے ساتھ تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں، جوانوں کے بلند حوصلے اورمومثر ردعمل کی بھی تعریف کی۔آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے بخوبی واقف اورموثر جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ہے، آرمی چیف نے پاکستان میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا بھی تذکرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ساریان سیکٹر آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔