کراچی(نمائندہ خصوصی) گلوبل عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی ماوں اور بیٹیوں کی آنکھوں میں جھانکیں تو معلوم ہوگا کہ کشمیریوں اور عافیہ صدیقی کا دکھ ایک جیسا ہے۔یوم کشمیر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ عافیہ موومنٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بھارتی قابض فوج کے مظالم کی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور کشمیر کی صورتحال نے مغربی دنیا کے انسانی حقوق کے کھوکھلے نعرے کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن غزہ، کشمیر اور عافیہ صدیقی آزادی حاصل کرے گی کیونکہ دنیا بھر کے امن پسند لوگ ان کے ساتھ ہیں مگر حکمرانوں نے کشمیر اور عافیہ دونوں کے ساتھ وفا نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جیسے جیسے عام انتخابات قریب آرہے ہیں وہی جماعتیں جو ماضی میں حکمرانی کر چکی ہیں ایک بار عوام سے ووٹوں کی بھیک مانگ رہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان سیاسی جماعتوں نے اپنی حکومتوں کے دوران عافیہ صدیقی کی رہائی کے جھوٹے وعدے کیے تھے۔ انہوں نے کہا جو قوم کی بیٹیوں کو بیچ سکتا ہے وہ ہمارے ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتا۔ ان لالچی سیاستدانوں اور ان کی پارٹیوں کا کوئی اخلاقی کردار نہیں ہے اور یہ عوام کے ووٹ کے مستحق نہیں ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ نے مقبوضہ کشمیر اور غزہ کی ماو¿ں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دنیا پر زور دیا کہ وہ بھارت اور اسرائیل کی قابض فوجوں کے مظالم کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر اور فلسطین کا حق ہے۔انہوں نے پاکستانی ووٹرز پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال دانشمندی سے کریں اوربے کردار سیاست دانوں اور ان کی جماعتوں پر اپنے قیمتی ووٹ کو ضائع نہ کیا جائے ۔