کراچی( نمائندہ خصوصی) سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ہراساں کرنے کے عمران خان کے الزامات کو مسترد کردیا۔ وزیر جامعات اسماعیل راہو نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدرواروں کو ہراساں کرنے کے عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں،سندھ میں پی ٹی آئی کا حشر نشر ہونے جا رہا ہے۔ان چاروں ڈویژنوں میں پی ٹی آئی کو امیدوار ہی نہیں ملے،پی ٹی آئی کو سندھ کی عوام مسترد کر چکی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی نے چار سال سندھ کے کسانوں کا پانی بند کیا،جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس کو ہم نے ناکام بنایا، سندھ کی عوام نے بدترین اور مشکل حالات میں بھی ہمیشہ جمہور یت کا علم بلند رکھا ہے، یہ اعزاز سندھ کو حاصل ہے کہ اس نے جمہوریت اور عوام کے خلاف سازش کرنے والی سیاسی قوتوں کو کبھی بھی کامیاب ہونے نہیں دیا۔
اسماعیل راہونے کہاکہ ریاست اور جمہوریت کا لبادہ اوڑھے ان غیر سیاسی قوتوں کواس مرتبہ بھی شکست فاش ہوگی، عمران خان کے پاس امیدوار ہی نہیں تو سندھ کی عوام کو پی ٹی آئی کے کونسے امیدواروں کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔ وزیر جامعات نے کہاکہ سندھ کی عوام شہید بینظیر بھٹو کی پارٹی کے تیر کے نشان پر ٹھپہ لگائے گی، سندھ میں پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو شکست نظر آرہی ہے، عمران خان کی پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں اتنے امیدوار کھڑے نہیں کئے جتنے پی پی پی کے بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔