اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے حلقہ پی پی 160 میں پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں مسلم لیگ ن کے این اے 127 کے امیدوار کی جانب سے پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس پر مسلح افراد کے ساتھ حملہ قابل مذمت اور انتہائی تشویشناک ہے،حلقہ پی پی 160 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں مصباح الرحمان کے الیکشن آفس میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی گئی ہے،یہ واقعہ قوانین اور الیکشن کمیشن کے تمام ضابطہ اخلاق کی کھلی خلافورزی ہے، شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس واقعے کا سختی سے نوٹس لے اور حملے میں ملوث نمائندوں کے کاغذات مسترد کرے،حملے میں ملوث افراد پر الیکشن مہم چلانے پر پابندی لگائی جائے کوئی بھی عوامی امیدوار اس طرح جتھوں اور دھونس دہمکیوں کی سیاست نہیں کرتا اس سے پہلے بھی ہمارے انتخابی دفاتر پر حملے ہوئے ہیں،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی لاہور میں مقبولیت کی وجہ سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔