لاہور (کامرس رپورٹر) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا)نے کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں میں مہلک حادثات کی تفصیلات جاری کردیں ہیں جس کے مطابق سال 2023-2022 میں بجلی کمپنیوں میں مہلک حادثات کے باعث کل 163 انسانی ہلاکتیں ہوئیں۔نیپرا کی جانب سے جاری کردہ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مہلک حادثات میں پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کمپنی (پیسکو)کے سوا کے الیکٹرک اس فہرست میں سب سے آگے ہے۔دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2023-2022 میں کے الیکٹرک میں مہلک حادثات کے باعث 33 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ مالی سال 2022-2021 میں کے الیکٹرک میں مہلک حادثات کی وجہ سے 27 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اس کے مطابق بجلی 2023-2022 میں بجلی کمپنیوں میں مہلک حادثات کی وجہ سے کل 163 انسانی ہلاکتیں ہوئیں، ان حادثات میں 111 شہری جاں بحق جبکہ بجلی کمپنیوں کے 52 ملازمین جان گنوا بیٹھے۔مزید بتایا کہ کہ مالی سال 2023 میں پیسکو مہلک حادثات کے لحاظ سے پہلے نمبر پر رہی ایک سال میں پیسکو میں مہلک حادثات کے سبب 41 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مالی سال 2023 میں کے الیکٹرک مہلک حادثات کے لحاظ سے دوسرے نمبرپر رہی۔دستاویز کے مطابق مالی سال 2023 میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں مہلک حادثات کے باعث 24 انسانی ہلاکتیں ہوئیں جبکہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)میں 14 اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)میں مہلک حادثات کی وجہ سے 11 لوگ لقمہ اجل بنے۔اس میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-2022 میں ملک حادثات کی وجہ سے کوئٹہ الیکڑک سپلائی کمپنی(کیسکو)میں 10، سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو)میں 9 جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)میں6 ہلاکتیں ہوئیں۔دستاویز کے مطابق ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو)میں مہلک حادثات کے باعث 5، ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی(ٹیسکو)میں مہلک حادثات میں ایک انسانی جان کا ضیاع ہوا۔