اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ستمبر 2023 سے جنوری 2024 تک پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔وزارت تجارت حکام کے مطابق جولائی اگست 2023 میں سالانہ بنیادوں پر ملکی برآمدات کو دھچکا لگا تھا جس کے بعد نگران حکومت نے برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ہرماہ اضافہ کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ستمبر 2022 میں برآمدات 2 ارب 44 کروڑ ڈالر تھیں اور ستمبر 2023 میں برآمدات بڑھ کر 2 ارب 47 کروڑ ڈالر ہوگئیں جبکہ اکتوبر 2022 میں برآمدات 2 ارب38 کروڑ ڈالر تھیں جو اکتوبر 2023 میں برآمدات بڑھ کر 2 ارب 69کروڑ ڈالر ہوگئیں، نومبر 2022 میں برآمدات 2 ارب 39کروڑ ڈالر تھیں جو نومبر2023 میں 2 ارب57کروڑ ڈالر ہوگئیں۔