اسلام آباد نمائندہ خصوصی) نگراں وفاقی وزیرِ آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خطے کے ممالک کیلئے ڈیجیٹل کوریڈور بنانے کے اہم سنگ میل عبور کرلیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف نے پی ٹی سی ایل ڈیٹا سینٹر کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے انٹرنیٹ ٹریفک کو پاکستان کے ذریعے روٹ دینے کا معاہدہ کر رہے ہیں، سی پیک منصوبے میں اس ڈیجیٹل کوریڈور کا اضافہ صارفین کے لیے ڈیجیٹل تحفہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبےکا مقصد پاکستان کو ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی کا ایک علاقائی مرکز بنانا ہے، پاکستان کوانٹرنیٹ ٹرانزٹ ٹریفک کی مد میں 200 سے 400 ملین ڈالرز سالانہ آمدنی ہوگی۔ نگراں وفاقی وزیرِ آئی ٹی نے کہا کہ پی ٹی سی ایل بزنس سلوشن کے کیریئر نیوٹرل انٹرنیٹ ایکسچینج کا آغاز ہوگیا ہے، یہ یوٹیوب، نیٹ فلکس، ٹک ٹاک کی مقامی ہوسٹنگ کے مواقع پیدا کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سے یہ مواد باآسانی اور بہت کم وقت میں دیگر عالمی مارکیٹوں تک پہنچ سکتا ہے، ٹرانزٹ ٹریفک کے اس عمل سے ملک خطے میں ڈیجیٹل رابطےکے مرکز کےطور پر اُبھرے گا۔