لاڑکانہ(نمائندہ خصوصی)
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کے بعد انتخابات ملتوی ہونے کی تمام افواہیں دم توڑ چکی ہیں۔انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے جس کے لئے سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے گارنٹیز لے رکھی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میروخان کے مختلف گاوں میں کارنر میٹنگز کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر اور عوام کو ووٹ کے فیصلے سے دور رکھنا غیرآئینی اور غیر جمہوری عمل ہوگا۔انہوں نے کہا الیکشن کے بنا ملک اس وقت عوام سے چھینا ہوا ہے اور ملک کو عوام سے چھیننا دراصل آئین کو معطل رکھنے کے مترداف عمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر نگران حکومتیں تین ماہ سے زیادہ عرصہ حکومت نہیں کرسکتی کیونکہ نگران حکومت کا عرصہ حکومت کرنا آئین کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن شفاف انتخابات کا انعقاد اور پولنگ اسٹیشنوں کو محفوظ بنانا الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر الیکشن کمیشن حساس پولنگ اسٹیشنوں اور امن و امان خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہونے والے مقامات پر نگران حکومت اور انتظامیہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات لے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پولنگ کے دن پولنگ اسٹیشنوں کو مکمل محفوظ بنائے اور ووٹرز کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ ووٹرز آزادنہ پرامن ماحول میں ووٹ کاسٹ کرنے آسکیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ نگراںحکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کے پولنگ اسٹیشنوں کے باہر امن امان کو مکمل کنٹرول میں رکھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت امن و امان قائم رکھے اور جن کو سردی لگ رہی ہے وہ اوورکوٹ پہن لیں کیونکہ الیکشن تو ہونگے۔انہوں نے کہا کے قوم پرامن اور شفاف انتخابات چاہتی ہے تاکہ انتخابات پر انگلیاں نہ اٹھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں حق حاکمیت کسی اور کی نہیں صرف عوام کی ہو اس لئے پیپلز پارٹی عوام کو اپنی قوت سمجھتی ہے۔