خضدار(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا رشتہ عوام سے تین نسلوں کا ہے ،عوام کا نمائندہ بن کر لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں میں بلوچستان کا نمائندہ بھی ہوں ،بھٹو کے بیٹے کا وعدہ ہے کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کردینگے ، صدر زرداری نے سی پیک کا منصوبہ بلوچستان کے دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی ترقی کیلئے دیا ، رائیونڈ کا وزیراعظم آیا تو اس نے اس کا رخ لاہور کی جانب کردیا ،آٹھ فروری کو پیپلز پارٹی بلوچستان بھر میں کامیابی حاصل کرے گی ،انتخابات میں کامیاب ہوکر بلوچستان اور پورے پاکستان کے عوام کی محرومیاں ختم کردینگے ۔بلوچستان کے علاقے خضدار میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں بھٹو شہید کا بیٹا ہوں محترمہ شہید کا بیٹا ہوں اگر کوئی وفاق اور بلوچستان کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تو بلاول بھٹو ہی وہ شخص ہے جو اس کی راہ میں رکاوٹ ہے عوام جانتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ڈرتی نہیں جو جھکتی نہیں جو گھبراتی نہیں اور اپنے پاﺅں پر کھڑے ہوکر تمام قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے مگر اپنے عوام کے حق پر سودا بازی نہیں کرسکتے وہ جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو بلوچستان کو اپنا حق دلوا سکتا ہے وہ جانتے ہیں کہ صدر زرداری کا اٹھارہویں ترمیم پر پورے طریقے سے عملدرآمد ہوتا تو اگر صدر زرداری کے این ایف سی ایوارڈ پر پوری طرح عملدرآمد ہوتا تو بلوچستان پیکج پر پوری طرح عملدرآمد ہوتا تو آج بلوچستان اور بلوچستان کے اردگرد جتنی سازشیں ہورہی ہیں وہ ختم ہوجاتیں آٹھ فروری کو بلوچستان بھر میں انشاءاللہ تیروں کا بارش ہوگا میں بلوچستان کی خواتین کو بتانا چارہا ہوں کہ میری والدہ اس دنیا میں نہیں رہی مگر انشاءاللہ میں آپ کی خدمت ویسے ہی کرونگا جیسے ایک بیٹا اپنی والدہ کی خدمت کرتا ہوں میں بلوچستان کے اپنے بہن بھائیوں کوبتانا چاہتا ہوں میں آپ کی طرح نوجوان ہوں میں زندگی بھر آپ کی خدمت کرونگا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کے ساتھ ہمارا جو رشتہ ہے وہ اس الیکشن کا نہیں ہمارا تین نسلوں کا رشتہ ہے میں آپ کی آواز بن کر اگر پارلیمان میں پہنچتا ہوں تو بلوچستان کے عوام کو معلوم ہے کہ ان کا نمائندہ وہاں بیٹھا ہے ان کی آواز اٹھا سکتا ہے اگر میں تخت لاہور کا نمائندہ بن سکتا ہوں اگر میں ملک کا وزیر خارجہ بنا تو دنیا بھر میں آپ کی آواز اٹھائی آپ کی نمائندگی کی اگر انشاءاللہ تعالیٰ آپ کی ووٹ کی وجہ سے میں آپ کا وزیراعظم بنتا ہوں تو وزیراعظم کے گھر میں بلوچستان کے عوام کا نمائندہ بیٹھا ہوں گا ان کا بیٹا بیٹھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا ایک بہت پرانا سیاستدان ہے وہ کہتا ہے کہ میں نے 2013میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ختم کردیا تو مجھے یہ سن کر ہنسی آتی ہے کہ کیا ہم کسی دوسرے پاکستان میں رہتے ہیں آپ خضدار ، لاڑکانہ قمبر شداد پور سے پوچھے وہاں آج بھی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہے انہوں نے صرف رائیونڈ کی لوڈ شیڈنگ ختم کی اس لئے مجھے ان پر اعتبار نہیں اور پاکستان کے عوام کو بھی ان پر اعتبار نہیں ہونا چاہیے بھٹو کے بیٹے کا وعدہ ہے کہ اقتدار ملا تو ہم غریبوں کو تین سو یونٹ مفت بجلی دلواﺅں گا ، میں اپنے بلوچستان کی خواتین کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ میں نہ صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرونگا بلکہ بلوچستان کی خواتین کیلئے بلاسود قرضہ بھی انتظام کرونگا تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں میں بلوچستان کے چھوٹے کسانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ بلاول بھٹو آئے گا تو اشرافیہ کا سبسڈی ختم کرکے کسانوں کو بے نظیر کسان کارڈ دے گا اور کھاد اور یوریاد پر سبسڈی دینی ہوئی تو پیسا سیدھا اس کارڈ سے غریب کسان کی جیب میں جائے گا میں انشاءاللہ غربت اور بھوک کا مقابلہ کرنے کیلئے یونین کونسل سطح پر بھوک مٹاﺅ پروگرام شروع کرونگا میں بلوچستان کے ہر بچے کو کھانا کھلاﺅںگا تاکہ ہم غربت اور بھوک کا مقابلہ کرسکیں میں بلوچستان کے عوام کا ہاتھ باندھ کر کہتا ہوں کہ تشدد اور دہشتگردی کی سیاست نہ اپنائیں اگر قائداعظم محمد علی جناح نے یہ ملک بنایا تو قائداعظم محمد علی جناح نے ایک گولی بھی نہیں چلائی اور پورا پاکستان ہمیں بنا کر دے دیا آپ اپنی سیاست کریں اپنی تحریکیں چلائیں پرامن طریقے سے کسی اور کو موقع نہ دیں کہ ہمارے بلوچ بہن بھائیوں سے زیادتی کریں یہ ہمیں گوارہ نہیں ہے ۔