کراچی ( نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیرمحنت سعید غنی نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نیب قوانین پر اعتراضات غلط ہیں۔نجی تعلیمی ادارے میں کمپیوٹر سائنس کی نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے متنازع قانون سازی کی تھی، الیکشن قوانین پر الیکشن کمیشن کو بھی اعتراض تھا۔انہوں نے کہاکہ خوشی ہے کہ قانون سازی میں کسی اسٹیک ہولڈر سے مشاورت نہیں کی، پیپلز پارٹی نیب قوانین پر 10، 12 سال سے اعتراض کررہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر الزامات لگائے جاتے تھے کہ کیسز ختم کرنے کے لئے نیب ختم کررہے ہیں، پی ٹی آئی خود اقتدار میں آئی تو محسوس کیا کہ کئی قوانین غلط ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیب کا غلط استعمال کیا گیا، اگر ترمیم ہوئی ہے تو صحیح ہے۔سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، ان کے لوگوں نے خود کہا کہ بارودی سرنگیں بچھائیں۔انہوں نے کہاکہ طلبا اپنی محنت سے نام روشن کررہے ہیں۔