ہارون آباد (نمائندہ خصوصی) سربراہ مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے کہاہے کہ عوام کی محرومیوںکا احساس ہے ،ایک تبدیلی نے پاکستان کا برا حشر کردیا، عوام کا جینا حرام کردیا،ہمارے دور میں بجلی ، گیس روٹی سستی تھی ،ہمارے دور میں مفت ادویات ملتی تھیں ،ہم ایٹمی دھماکے کرتے ہیں یہ شہیدوںکے مجسمے جلاتے ہیں ،میرا قصور یہ تھا کہ میں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ملک کو اندھیروں سے اور دہشتگردی سے نجات دلائی ،جو مجھ پر مانیٹرنگ جج لگے تھے وہ آج استعفیٰ دے کرگھر جارہے ہیں ، آج کے کامیاب جلسے نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ، آٹھ فروری کو ہمارے امیدواروں کو کامیاب کروائیں نواز شریف کا وعدہ ہے ترقی کا سفر وہی سے شروع کرینگے جہاں سازش کے ذریعے ختم کردیاگیا تھا۔ ہارون آباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم پر بڑے بڑے ظلم وجبر ہوئے مجھے بیٹے سے تنخواہ لینے کے جرم میں نااہل کردیاگیا سزا دے دی گئی ایک ایسے وقت میں پاکستان کے عوام پر شب خون مارا گیا جب پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جارہا تھا لوگ خوشحال تھے روزگار تھا روٹی دوروپے میں ملتی تھی سبزیاں دس روپے کلو کے حساب سے ملتی تھی لوڈ شیڈنگ نہیں تھی دہشتگردی کانام ونشان نہیں تھا نوجوانوں کوروزگار مل رہا تھا مگر پانچ ججز نے ایک سازش کے تحت مجھے سزا دے کر پاکستان کی ترقی کو روک دیا اور پھر ایک ایسے شخص کو مسلط کردیاگیا جس نے نو مئی کا واقعہ پلان کیا جب اسے اپنا اقتدار جاتا نظر آیا تو اس نے پاکستان کی سالمیت پر حملہ کردیا اور اس میں پاکستان کے معصوم نوجوانوں کو استعمال کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ میں والدہ کی میت کو قبر میں نہیں اتار سکا والد کے جنازے میں شرکت نہیں کرنے دیاگیا جیل میں تھا توکلثوم کے انتقال کی خبر آئی اور کیا بتاﺅں کیا کیا ظلم کئے گئے مگر میں نے آپ عوام کیلئے سب برداشت کیا مگر میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ مجھے توتکلیف دی گئی تکلیفوں سے گزارا گیا مگر اس کا افسوس نہیں افسوس صرف اس بات کا ہے کہ آپ کو تکلیف پہنچی آپ کے چولہے بج گئے میں منافقت نہیں کررہا مجھے صرف آپ کا دکھ ہے میرے ساتھ دشمنی تھی تو عوام کو کس چیز کی سزا دی گئی۔سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جوبل میرے دور میں ایک ہزار روپے آتا تھا، آج 25 ہزار روپے آتا ہے،کسان میرے بھائی ہیں، میرے دور میں ٹریکٹر 8 لاکھ روپے کا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں پیٹرول 60 روپے تھا جبکہ آج پیٹرول 260 روپے لیٹر ہے۔قائد مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ ہمارے دور میں چینی سستی تھی،نواز دور میں ڈی اے پی کھاد 2500 روپے تھی، آج 13ہزار روپے ہوگئی ہے، نواز اور شہباز کے دور میں مفت دوائیاں ملتی تھیں،آج عوام کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خداحافظ کہہ دیا تھا مگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں آئی ایم ایف پھر آگیا، پی ٹی آئی دور میں یہ پھر کشکول لےکر آئی ایم ایف کے پاس چلےگئے۔نواز شریف نے بتایا کہ ہم نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور یہ شہیدوں کے مجسمے جلاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے جیل میں ڈالنے والے جج آج گھر جا رہے ہیں، مجھے جیل میں ڈالنے والے جج اس لیے جارہے ہیں کیونکہ چورکی داڑھی میں تنکا ہے، ان ججز کو اپنے کرتوت کا پتا ہے، نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا دی گئی، 3 بار مجھے وزارت عظمٰی سے ہٹایا گیا۔ سابق وزیر اعظم نے بتایا کہ ہر ظلم سہنے کے باوجود بھی ہم نے کوئی قومی راز فاش نہیں کیا، میں نے زخم سہے لیکن ملک کو زخم نہیں لگنے دیے، ہمارے جو بھی نقصانات ہوئے،اس کی تلافی نہیں ہوسکتی۔پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس شخص کو اقتدار جاتا نظر آیا تو ملک پر حملہ کردیا، سائفر کیس کا آج فیصلہ آیا ہے، انہوں نے تو قومی سلامتی کو داو¿ پر لگایا دیا تھا۔مزید بتایا کہ پاکستان کے ہر موٹروے پر مسلم لیگ (ن) کا نشان ہے، ملک کے ہر ترقیاتی منصوبے پر (ن) لیگ کا نشان ہے۔ ۔ نواز شریف نے کہا کہ یہاں کچیاں آباد ہیں ان کو مالکانہ حقوق دینا نواز شریف کے لئے ایسا ہی ہے کہ جیسے ہی حکومت آئی تو سمجھو حقوق ملے گئے اور یہاں پر جو بی آر بی نہر اور سیم اور تھور کے نالوں کا منصوبہ ہے وہ بھی انشاءاللہ آٹھ فروری کے بعد فوری منظور کرونگا اور موٹروے جس کا اعلان شہباز شریف نے کیا تھا شہباز شریف نے افتتاح کیا تھا اس کی لاج رکھتے ہوئے لاہور سے بہاولنگر تک موٹروے بنائی جائے گی ہائی ویز کی شکل میں کراچی تک اس موٹروے کو ملایا جائے گا سکھر تک تک موٹروے بن گئی ہے چار سال حکومت کرنے والے اس کو آگے نہیں بڑھا سکے یہ کام بھی نواز شریف ہی کرے گا آٹھ فروری تک یہ موٹروے کراچی تک پہنچ جائے گی اس لئے آپ آٹھ فروری کو شیر پرمہر لگائیں میرے امیدواروں کو کامیاب کروائیں تو یہ موٹروے یہ ہائی ویز اور صحت کی تمام سہولیات آپ کو نواز شریف دے گا یہ نواز شریف کاوعدہ ہے ۔