لاہور،سیالکوٹ(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن)نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو آئین و قانون کے مطابق سزا ملی ہے ،اگرسزاغلط ہے تو ان کے پاس اپیل کا حق ہے تاہم یہ حق نواز شریف سے چھن لیا گیا تھا۔خواجہ آصف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا بنتی تھی کیونکہ انہوں نے اسٹیٹ سیکریٹ کو ذاتی مفاد کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سٹیٹ سیکریٹس کو ذاتی مقبولیت کے لئے استعمال کیا انہوں نے مقبولیت بچانے کے لئے ریاست کے مفاد کو خطر ے میں ڈال دیا تھا ۔ذاتی مفاد کے لئے ریاستی راز کا استعما ل کر کے بانی پی ٰ ٹی آئی نے ملک سے غداری کی جس پر وہ سزا کے مستحق تھے ،دوسری جانب رانا نثاءاللہ نے رد عمل میں کہا کہ سائفر کیس میں سزا ہونی چاہپیے تھی ، اور یہ بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوئی ہے ۔ کلاسیفائیڈ ڈاکیومنٹ ہے اس کو پبلک کیا گیا اس پر کوئی بحث نہیں کی جا سکتی تھی ۔ سائفر کے مواد کو تبد یل کر کے اسے ذاتی مفاد کے لئے استعمال کیا گیا ۔ملک کے خلاف سازش کی ۔ خفیہ دستاویز کو ذاتی مفاد کے لئے استعمال کرتے ہوئے اس وقت کی پوری اپوزیشن پر غداری کا الزام لگایا گیا ۔ انہوں نے کہا ایسی صور ت میں سزا تو بنتی تھی یہ سزا آئین و قانون کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو اگر اس پر اعتراض ہے ، تو اسے اپیل کا پورا پورا حق حاصل ہے۔ وہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف سے تو یہ حق بھی چھین لیا گیا تھا ۔