کراچی(نمائندہ خصوصی)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) اور نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) کے درمیان نمایاں اورقابل ذکر اسٹریٹجک شراکت داری کیلئے معاہدہ پردستخط کئے گئے ہیں۔معاہدہ کی تقریب کا انعقاد این اے ایس ٹی پی کراچی میں کیا گیا، جہاں این بی پی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر اور گروپ چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی امین مانجی اور این اے ایس ٹی پی کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر ایئر کموڈور غیاث الدین نے جامع معاہدہ پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت این اےایس ٹی پی اپنے جدید ترین ٹیکنالوجی پارک میں این بی پی کے آئی ٹی گروپ کیلئے ٹیکنالوجی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔تقریب میں این بی پی میں ٹیکنالوجی اسٹریٹجی، رسک اینڈ گورننس کے سربراہ خواجہ محمد علی اور این اے ایس ٹی پی کے گروپ کیپٹن ڈاکٹر شعیب سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔معاہدے سے جدید تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور دیگر مختلف اسٹریٹجک اقدامات سمیت دونوں اداروں کے مابین اشتراک کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔یہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے حوالے سے اپنے متعلقہ مقاصد کے حصول کے لئے علوم اور نیٹ ورکس کو ہم آہنگ کرنے کے باہمی عزم اور تعاون پرمبنی منصوبے کا آغاز ہے۔معاہدے پر دستخط دونوں اداروں کی جامع شراکت داری کو مزید تقویت دینے کیلئے اہم ہے۔ معاہدے کی اس تقریب نے اسٹریٹجک اشتراک کے فوائد کو اجاگر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کا بھی کردار ادا کیا۔تقریب کے دوران ٹیکنالوجی کے وسیع پیمانے پر استعمال کیلئے خصوصی تربیتی پروگراموں سے لے کر استعداد کار میں اضافے تک اجتماعی اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ یہ معاہدہ ٹیکنالوجی میں مزید پیش رفت کے لئے قابل اعتماد اور ٹھوس شراکت داری کے لئے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ این اے ایس ٹی سیلیکون فیسیلٹی کا افتتاح چیف آ ف آرمی اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف پاکستان نے حال ہی میں کیا تھا۔