کراچی(نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کا ہوچکا ہے، نئی حکومت کے آتے ہی اس پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا، پہلے مرحلے میں فروری کے آخری دنوں میں ریڈ زون، ریلوے، پورٹ اور کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر کیمرے نصب کئے جائیں گے، حکومت ہر مسئلے کو حل نہیں کرسکتی، عوام کا تعاون ضروری ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اداروں کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے انتہائی ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹھیاوارکوآپریٹو ہاو¿سنگ سوسائٹی کے زیراہتمام سی پی ایل سی نیبر ہڈ سوسائٹی زون میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل آئی سندھ خادم حسین رند، ڈی آئی جی غلام افسر مہیسر، زبیر حبیب، اشرف مچھیارا، شوکت علی اور دیگر ممتاز تاجر اور صنعتکار بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محمد علی سوسائٹی میں 165 کیمرے نصب کئے جانے سے جرائم پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملے گی، نیبر ہڈ اسکیم کے تحت مختلف علاقوں میں جرائم میں کمی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی علاقہ مکینوں سے ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گی اور سیف سٹی پروجیکٹ کے بعد کراچی رہائش کے لئے زیادہ بہتر اور محفوظ شہر ہوگا، انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی نیبر ہڈ اسکیم کو کے ایم سی اور یوسی لیول پر بھی منظم کیا جائے گا اور اس کے بعد پارکس، پلے گراو¿نڈ اور دیگر عمارتوں کو بھی اس پروجیکٹ کے تحت تحفظ دیا جانا چاہئے۔