لاڑکانہ (نمائندہ خصوصی) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تنزلی کی انتہا پر ہے کہیں تو کوئی خرابی ہے، ہم کب اس بات کو سمجھیں گے کہ ہم فیصلے غلط کر رہے ہیں۔ لاڑکانہ میں انتخابی جلسی عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری سیاست میں تمام ذمہ داری حکمرانوں پرہوتی ہے، منصب، حلف کے اعتبار سے حکمرانوں کا فرض بنتا ہے ملک کی خدمت کریں، الیکشن ایسا ماحول ہوتا ہے جہاں ذمہ داری عوام کی طرف آجاتی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ایک مقصد کیلئے بنایا گیا تھا، پاکستان جس مقصد کیلئے بنایا گیا وہ حاصل نہیں ہوسکا، ملک کو آئین اور قانون کے بغیر چلایا ہی نہیں جا سکتا، پاکستان تنزلی کی انتہا پر ہے کہیں تو کوئی خرابی ہے، ملک میں ڈاکو طاقتور اور پولیس کمزور ہے، کہیں عسکریت پسند ی ہے، کہیں ڈاکے اور کہیں اغوا ءکاری ہے، ہم کب اس بات کو سمجھیں گے کہ ہم فیصلے غلط کر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگ ہمیں طعنے دیتے ہیں کہ اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہماری جنگ اسلام کو اقتدار میں لانے کی ہے، اسلام کو اقتدار میں لانے کی جنگ کی وارث جے یو آئی ہے، کیا ہمارے ہاں امن و امان اور لوگوں کی زندگی محفوظ ہے؟ روزانہ انسانوں کی جانیں لی جاتی ہیں، معیشت ٹھیک نہیں، ہم دوسروں کو خیرات دیتے تھے آج بھیک مانگ رہے ہیں، اسلامی دنیا کے سائے پر کفر نے کیوں قبضہ کر لیا ہے؟ ہمیں اپنے کردار کا جائزہ لینا ہو گا۔