اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی پر فلسطین کیلئے جمع کیے گئے چندے سے انتخابی مہم چلانے کا الزام عائد کر دیا۔سراج الحق کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سراج الحق خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ رہے، ایک بینک میں اپنا صدر بنانا ان کی کارکردگی تھی، جماعت اسلامی فلسطین کے نام پر اکٹھا کیے گئے چندے سے اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نےکہا کہ جماعت اسلامی نے جہاد کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کیا، معصوم بچوں کو جنت کے خواب دکھا کر جہاد کا ایندھن بنا کر اپنے بچوں کو گرین کارڈ دلوائے، بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر عافیہ تک ان کے خاندان کو رسائی دلوائی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے نانا نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ دیا، بلاول بھٹو زرداری کی عظیم والدہ نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی، قوم آج تک جماعت اسلامی کے 1977 میں گھناونے کردار کو نہیں بھولی۔