اسلام آباد( بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ ملک میں ہر بچہ پولیو سے محفوظ ہو ،پاکستان میں انسداد پولیو کے لئے عالمی برادری اور ترقیاتی اداروں کے کردار کو سراہتے ہیں ۔حکومت پاکستان روٹری انٹرنیشنل کے پروگرامز میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،امید کرتے ہیں کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان میں اپنے پروگرامز کی رسائی میں اضافہ کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صدر روٹری انٹرنیشنل سٹیفینی ارچک (Stephanie A. Urchik) کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں کیا۔وفد میں تھومس اینتھونی گمپ، محمد فیض قدوائی، عبد العزیز میمن اور مسرور شیخ شامل تھے۔وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اسمارٹ ویلیج پروگرام اور انسداد پولیو کے حوالے سے روٹری انٹرنیشنل کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے سٹیفینی کو روٹری انٹرنیشنل کی پہلی خاتون صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے روٹری انٹرنیشنل کی پاکستان میں انسداد پولیو،تعلیم اور دیگر شعبوں کے لئے خدمات کو سراہا۔وفد نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ روٹری پاکستان اسمارٹ ویلیج پروگرام جدت اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئےمعیار زندگی بہتر بنانے میں مدد دے گاغریب ترین طبقے کے لیے شروع کیے گئے یہ اسمارٹ ویلیج زراعت کو فروغ دینے، قابل تجدید توانائی کے نظام سے فائدہ اٹھانے، نکاسی آب کے انتظام کو بہتر بنانے، پینے کے پانی کی فراہمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔روٹری انٹرنیشنل پاکستان میں 8 لاکھ کتابیں عطیہ کر چکا ہے جس میں سے 2 لاکھ کتابیں صرف صوبہ بلوچستان میں تقسیم کی گئی ہیں۔