اسلا م آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ و تجارت گوہر اعجاز نے پمزاسپتال کی ایمرجنسی کیلئے 40 بیڈز عطیہ ،آئندہ ہفتے سے مریضوں اور لواحقین کو کھانا فراہم کرنے کا اعلان دیدیا۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و تجارت گوہر اعجاز اور وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پمزاسپتال کا دورہ کیا،دونوں وفاقی وزرانے اسپتال کی جانب سے دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا،گوہر اعجاز کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اسپتال کی ایمرجنسی کیلئے 40 بیڈز عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔گوہر اعجاز نے کہاکہ آئندہ ہفتے سے تمام مریضوں اور لواحقین کو کھانا بھی فراہم کیا جائے گا،جلد پمز کیلئے ایک فارمیسی کا آغاز کیا جائے گا جس میں تمام ضروری ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے گوہر اعجاز کے ان اقدامات کو سراہا،وزیر صحت نے کہاکہ گوہر اعجاز کو وزارت داخلہ کا چارج لینے کے بعد پمز اسپتال کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتاہوں، پمز اسپتال پر مریضوں کا بوجھ روز بروز بڑھ رہا ہے ،بارہ سے پندرہ ہزار مریض روزانہ علاج کیلئے آتے ہیں۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ پمز اسپتال میں صفائی کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنارہے ہیں، مریضوں کو کوالٹی آف سروس ادویات کی فراہمی ہمارا مشن ہے،سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کو مزیز بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔