لاڑکانہ/ قمبر(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ جی ڈی اے، جے یو آئی ، ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کا اتحاد صوبائی خودمختاری کے خلاف اور سندھ کی تقسیم کی ایجنڈا پر کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی ایس 15 میں واقع گاو¿ں آبڑی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آبڑی گاو¿ں سے وحید عباسی اور کریم بخش نے جی ڈی اے کو چھوڑ کر ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نثار کھوڑو نے انہیں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر ویلکم کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ پرستی کے دعوی ٰکرنے والی جی ڈی اے اور جے یو آئی سندھ کی عوام کو بتائے کے ایم کیو ایم پاکستان تو دیہی سندھ والوں کا شہری سندھ پر قبضے کے متعلق پینافلیکس لگا کر سندھ کی تفریق چاہتی ہے تو پھر سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والوں سے اتحاد کرنے والی یہ جماعتیں کس طرح سندھ پرست ہوسکتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پی پی پی مخالف اتحاد میں شامل جماعتیں ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ سندھ مخالف کردار ادا کرنے میں آلہ کار بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام ان پی پی پی مخالف اتحاد میں شامل جماعتوں کو مسترد کرکے ان کی تمام سازشوِں کو ناکام بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ماضی میں آمر پرویز مشرف اور عمران خان سے معافی لے کر معاہدہ کرکے ملک سے فرار ہوگئے تھے اب عام انتخابات میں پنجاب سے مسترد ہونے کے بعد مجھے کیوں بلایا کا بیانیہ اپنائے گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان آئیں اور نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں تو بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم بن کر ملک بھر کے نوجوانوں کا بازو بنیں گے۔