اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان نے دیرینہ دوست اور پڑوسی ملک چین سے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست کر دی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کو خط لکھ کر 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق خط میں پاکستان نے چین سے ایک سال کیلئے قرض موخر کرنے کی درخواست کی ہے اور چین کی جانب سے 2 ارب ڈالر کا قرض ایک سال کیلئے جلد رول اوور ہونے کا امکان ہے۔ چین کی جانب سے 2 ارب ڈالر قرض کیلئے 23 مارچ 2024 کو ڈپازٹ ٹائم مکمل ہو جائے گا۔ دو ارب ڈالر کا ڈپازٹ جلد رول اوور کرانے کیلئے وزارت خزانہ اور چائنیز حکام کے درمیان رابطے بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نگران وزیراعظم نے مالیاتی تعاون پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ چین کی جانب سے مشکل معاشی صورتحال میں حکومت پاکستان کو قرض ادا کیا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چین نے مجموعی طور پر پاکستان کو 4 ارب ڈالر کا قرض سیف ڈپازٹ کے طور پر دے رکھا ہے، چین سے 4 ارب ڈالر قرض ملنے سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ کم ہوا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیا تھا۔